Friday, April 26, 2024

فیصل آباد : پولیس کے نجی ٹارچر سیل سے دو نوجوان بازیاب

فیصل آباد : پولیس کے نجی ٹارچر سیل سے دو نوجوان بازیاب
June 2, 2016
فیصل آباد(92نیوز)فیصل آباد میں پولیس کا ایک نجی ٹارچر سیل پکڑا گیا ہے جہاں پر شہریوں کو محبوس رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا،عدالتی بیلف نے بھائی والا بھاٹک کے قریب ایک حویلی میں بنائے گئے ٹارچر سیل سے دو نوجوانوں کو بازیاب کرلیا سیل سے تشدد کے لیے استعمال ہونے والا سامان بھی پکڑا گیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق عدالتی بیلف نے نشاط آباد کے علاقے میں ایک حویلی پر چھاپہ مارا جہاں بھائی والا چوکی کی پولیس نے ٹارچر سیل بنا رکھا تھا، ٹارچر سیل میں چھت سے الٹے لٹکائے گئے دو نوجوانوں  اشرف اور 25 سالہ اعظم کو بازیاب کروا لیا، جن پر پولیس نے اس قدر تشدد کر رکھا تھا کہ تمام جسم پر زخموں کے نشان اور وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر تھے۔ دونوں نوجوانوں کو پولیس نے چار روز پہلے ڈکیتی کے ایک پرانے مقدمے میں ملوث ہونے کے شبے میں بھائی والا پھاٹک سے حراست میں لیا اور ٹارچر سیل میں منتقل کرکے ان پر تشدد کیا جا رہا تھا۔ ٹارچر سیل سے تشدد کے لیے استعمال ہونیوالا خصوصی ڈنڈا، رسے دیگر سامان بھی برآمد ہوا، بازیاب ہونے والے دونوں نوجوانوں کو عدالتی حکم پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ اور ڈی ایس پی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔