Thursday, April 25, 2024

فیصل آباد : پولیس کا گھرگھر سرچ آپریشن‘ 14 مشتبہ افراد زیرحراست

فیصل آباد : پولیس کا گھرگھر سرچ آپریشن‘ 14 مشتبہ افراد زیرحراست
September 11, 2016
فیصل آباد (92نیوز) فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے چودہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات اور شراب بھی برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایس پی لائل پور ٹاون کی زیر نگرانی گلبرگ اور سول لائن کے مختلف علاقوں میں پولیس نے رات گئے سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے کرسچین ٹاون‘ محمدپورہ اور رضا آباد سمیت دیگر علاقوں میں گھر گھر تلاشی لیتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق نہ ہونے پر 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ان کے قبضے سے منشیات اور شراب کی بڑی مقدار بھی پکڑ لی۔ لوگوں کی جانب سے گھروں کے دروازے نہ کھولنے پر پولیس سیڑھیاں لگا کر گھروں میں داخل ہوئی اور کئی گھنٹے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی پی او کی خصوصی ہدایت پر سرچ آپریشنز آنے والے دنوں میں بھی جاری رہیں گے۔