Thursday, April 25, 2024

فیصل آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکارشہید

فیصل آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکارشہید
January 13, 2017
فیصل آباد(92نیوز)پولیس اہلکار پھر نشانے پر فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں موٹرسائیکل سواروں نے  پولیس اہلکاروں پراندھا دھند فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل نسیم اور خالد موقع پر جاں بحق جبکہ نو سال کا بچہ شدید زخمی ہوا۔ تفصیلات کےمطابق فیصل آباد کے علاقے نشاط آباد میں 4 موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکاروں پر تاک لگائے بیٹھے تھے موقع ملتے ہی ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس پر دونوں کانسٹیبل نسیم اور خالد موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ فائرنگ سے 9 سالہ بچہ رمضان شدید زخمی ہوا، واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کر دی۔دونوں کانسٹیبل مقامی مسجد میں نمازِ جمعہ کی سکیورٹی پر مامور تھے، اہلِ علاقہ کے مطابق چار موٹرسائیکل سوار نقاب اور چادروں میں لپٹے ہوئے تھے، جنہوں نے چادر تلے چھپائی کلاشنکوف کے ذریعے کانسٹیبلز کو فائرنگ کا نشانہ بنایا،، ذرائع کے مطابق بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے پر افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ آر پی او بلال صدیق کمیانہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔