Sunday, September 8, 2024

فیصل آباد میں پارکنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا

فیصل آباد میں پارکنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا
September 21, 2017

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں پارکنگ مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو تین پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کا خواب دکھایا لیکن کمپنی پہلے پلازے کی تعمیر کے آغاز پر ہی بیٹھ گئی۔ تعمیراتی کمپنی کو دیا جانے والا تین کروڑ روپے کا چیک  کیش نہ ہو سکا توکمپنی نے ہاتھ کھڑے کردئیے۔

شہر میں پارکنگ مسائل حل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تین پلازوں کا منصوبہ تو بنایا مگر علامہ اقبال روڈ پر پہلے پلازے کی تعمیر نے ہی انتظامیہ کی بس کروا دی۔ دو سال سے پلازے کا تعمیراتی کام صرف بیس فیصد ہو سکا۔ انتظامیہ نے تعمیراتی کمپنی کو تین کروڑ کا چیک دیا مگر چیک کیش نہ ہو سکا۔ رقم نہ ملنے پر کمپنی نے بھی کام ٹھپ کر کے واپسی کی تیاری کر لی۔

تعمیراتی کمپنی کا کہنا ہے کہ بارہ کروڑ روپے کا کام خود سے کر چکے ہیں۔ مزید پیسے نہیں لگا سکتے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈیڑھ سال کے دوران صرف ایک بار کام کا جائزہ لیا ہے۔ اب تو انتظامیہ بھی بار بار پوچھنے کے باوجود تسلی بخش جواب نہیں دے رہی۔

 دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے روایتی موقف اپنا رکھا ہے۔

ایک ارب اکیاون کروڑ لاگت کے اس منصوبے کی صورت حال دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ پلازہ اب حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں رہا۔