Saturday, April 20, 2024

فیصل آباد میں وائٹ گولڈ سمجھا جانے والا یارن مارکیٹ سے غائب

فیصل آباد میں وائٹ گولڈ سمجھا جانے والا یارن مارکیٹ سے غائب
January 28, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں وائٹ گولڈ سمجھا جانے والا یارن مارکیٹ سے غائب کر کے مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی، صعنتکاروں سے من مانے دام وصول کیے جا رہے ہیں۔

کورونا بحران کے باوجود پاکستان کی بڑھتی ہوئی ایکسپورٹ کو دھاگہ بحران نے بریک لگا دی، فیصل آباد کی سب سے بڑی یارن مارکیٹ میں دھاگہ غائب کر کے مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے دام وصول کئے جانے لگے۔

ایکسپورٹ کے اربوں ڈالرز کے آرڈرز ملے تو صنعت کاروں نے حکومت کی توجہ دھاگہ بحران پر مبذول کروائی لیکن کوئی حل نہ نکالا گیا، جس پر 18 ہزار میں ملنے والا دھاگہ اب 30 ہزار تک پہنچ گیا، پیداواری لاگت بڑھنے اور دھاگے کی عدم دستیابی پر صنعت کاروں نے بھی ہاتھ کھڑے کر دئیے ہیں۔

ایکسپورٹرز سوال کرتے ہیں کہ مہنگا دھاگہ خرید کر بین الاقوامی منڈی میں مقابلہ کیسے کریں، دھاگہ مل نہیں رہا،، مشینیں بند کرنا پڑ رہی ہیں، وہ آرڈر لیکر بھی مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔

دھاگے کی مصنوعی قلت ایکسپورٹ کو نگلنے لگی تو صنعتکاروں نے ایک بار پھر حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور ساتھ عندیہ دیا کہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے تو ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پھر سے زوال پذیر ہو جائیگی۔