Monday, May 20, 2024

فیصل آباد میں نوجوانوں کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے4رکنی کمیٹی بنا دی

فیصل آباد میں نوجوانوں کی ہلاکت  کی تحقیقات کیلئے4رکنی کمیٹی بنا دی
August 9, 2018
فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد میں دو نوجوان پولیس گردی کی بھینٹ چڑھ گئے ، ناکے پر نہ رکنے پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر دی جس سے عثمان اور ارسلان نامی دونوجوان جاں بحق ہوگئے ،ورثا کے احتجاج پرپولیس حکام نے تحقیقات کیلئے4رکنی کمیٹی بنا دی مسلم ٹاؤن کے رہائشی دو دوست ارسلان اور عثمان گھر سے شوارما لینے کیلئے نکلے لیکن ناکے پر نہ رکنے پر پولیس کی سیدھی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار ارسلان موقع پر جبکہ ہیڈ کانسٹیبل کا بیٹا عثمان اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ پولیس نے غلطی کا اعتراف کرنے کی بجائے الٹا مقتولین پر پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کر دیا ، مگر دونوں لڑکوں نے حال ہی میں میٹرک کیا تھا ۔ پولیس کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں کہا گیا کہ دونوں لڑکوں  نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی  مگر پولیس کے ہی مطابق جائے وقوعہ سے خالی میگزین اور گولیوں کے 3 خول ملے ۔ پولیس نے موٹرسائیکل کے بجائے ان پر سیدھا فائر کیا، ورثا نے جیل روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دونوں لڑکوں کو تعاقب کرکے روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی، دونوں ڈاکو تھے تو پولیس کرمنل ریکارڈ کیوں نہیں پیش کر سکی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی انتہائی قریب سے چلائی گئی، جو دونوں لڑکوں کا جسم چیر کر نکل گئی، ورثاء اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ذمہ دار پولیس ملازمین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔