Friday, May 17, 2024

فیصل آباد میں منچلوں نے پتنگ بازی پر پابندی کا بوکاٹا کر دیا

فیصل آباد میں منچلوں نے پتنگ بازی پر پابندی کا بوکاٹا کر دیا
February 8, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں منچلوں نے پتنگ بازی پر پابندی کا بوکاٹا کر دیا۔ پولیس کی کارروائیوں کے باوجود بھی منچلے باز نہ آئے۔ گولیوں کی تڑتڑاہٹ اوربوکاٹا کے فلک شگاف نعرے لگاتے پتنگ بازوں نے حکومتی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔ فیصل آباد میں پتنگ بازی کرتے منچلے پولیس کے لیے کڑا امتحان بن گئے۔ شہر بھر سے 150 سے زائد افراد کی گرفتاری کا بھی پتنگ بازوں پر زرا برابر اثر نہ ہوا اور رات بھر شہر گولیوں کی آواز سے گونجتا رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے باعث پیش آنے والے حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ شہباز ٹاون میں کیمیکل ڈور پر ہونے والی لڑائی میں چھریوں کے وار سے مخالفین نے تین سگے بھائیوں کو شدید زخمی کر دیا۔ لعل مل چوک اور پرانی بکرمنڈی میں چھتوں سے پتنگ پکڑتے ہوئے گرنے سے دو بچے زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔ صورتحال کی خرابی کے باوجود پولیس کارروائیوں کا دعوی کرتی رہی۔ پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاون کے دوران 150 سے زائد افراد کو گرفتارکرکے کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں تاہم پتنگ بازوں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔