Thursday, May 9, 2024

فیصل آباد میں ملز میں بوائلر پھٹنے سے چھت گر گئی ،چار مزدور جاں بحق

فیصل آباد میں ملز میں بوائلر پھٹنے سے چھت گر گئی ،چار مزدور جاں بحق
February 11, 2020
فیصل آباد  ( 92 نیوز ) فیصل آباد  میں سرگودھا روڈ پر ملز  میں  بوائلر پھٹنے سے چھت زمین بوس ہو گئی جس کے ملبے تلے دب کر 4 مزدور جاں بحق ہو گئے ۔ فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر خستہ حال فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے چار مزدور جاں بحق اور درجن بھر زخمی ہو گئے، حادثہ میں فیکٹری کی چھت بھی زمین بوس ہو گئی، ریسکیو نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے سرگودھا روڈ پر پل سمانہ کے قریب علی الصبح پراسیسنگ مل کا بوائلر پھٹ گیا جس نے فیکٹری میں تباہی مچا دی ،  بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت زمین بوس ہوگئی جس سے تین مزدور لیاقت، عرفان اور کاشف موقع پر جاں بحق جبکہ ایک مزدور عبدالرزاق کی لاش بعد میں ملبے تلے سے نکال لی گئی۔ زخمی ہونے والے 11 مزدوروں کو الائیڈ اسپتال منتقل کیا جہاں 4 کی حالت تشویشناک ہے،  شہری کہتے ہیں کہ فیکٹری انتہائی خستہ حال تھی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی بھی موقع پر پہنچے اور واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے غفلت کے مرتکب افراد کی نشاندہی کیلئے انکوائری کا حکم دیدیا۔ بوائلر پھٹنے سے ہر طرف ملبہ بکھرا پڑا تھا ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کرکے ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔ حادثہ میں جہاں مشینری اور عمارت کے پرخچے اڑ گئے، وہیں آس پاس کے گھروں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ غفلت فیکٹری مالکان کی اور ملبہ گرتا ہے مزدوروں پر، قاتل بوائلر محنت کشوں کی جانیں نگل رہے ہیں اور انتظامیہ سکھ چین کی بانسری بجا رہی ہے۔