Saturday, May 11, 2024

فیصل آباد میں مدینہ یونیورسٹی میں روح پرور محفل میلاد کا انعقاد

فیصل آباد میں مدینہ یونیورسٹی میں روح پرور محفل میلاد کا انعقاد
September 26, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں مدینہ یونیورسٹی میں روح پرورمحفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ میلاد  میں دربار حضرت غوث اعظم بغداد شریف کے سجادہ نشین سید خالد عبدالقادر المنصور الجیلانی نے خصوصی شرکت کی۔ فیصل آباد کے معروف صنعت کار اور آستانہ عالیہ کرماںوالہ شریف کے فیض یافتگان، عاشقان مدینہ منورہ حاجی محمد سلیمؒ، حاجی محمد رفیقؒ اور حاجی نثار احمدؒ مدفونین جنت البقیع شریف کے عرس کے سلسلہ میں روح پرور محفل دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ہوئی۔ مہمان خصوصی درگاہ حضرت غوث اعظمؒ بغداد شریف کے سجادہ نشین نقیب الاشراف سید خالد عبدالقادر المنصور الجیلانی نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ محفل میں شہر بھر سے تاجر برادری، صنعتکار، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ رحمتوں بھری محفل میں پرکیف ماحول نے حاضرین پر رقت طاری کر دی۔ آقائے دو جہاں کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ نقیب الاشراف سید خالد عبدالقادر المنصور الجیلانی نے اسٹوڈنٹس ٹیچر سنٹر کا افتتاح کیا جبکہ فزیکل تھراپی، فارمیسی، نرسنگ، نیوٹریشن، مینجمنٹ سائنسز اور دیگر شعبہ جات کی 27 ہونہار طالبات میں اسکالر شپ اور نقد انعامات تقسیم کیے اور سیمینار سے خطاب بھی کیا۔ پرُنور محفل میں جہاں ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی دعائیں کی گئی وہیں کشمیریوں کے حق میں خصوصی دعاؤں کیلئے بھی بارگاہ الہیٰ میں ہاتھ بلند کئے گئے۔