Friday, April 19, 2024

فیصل آباد میں محکمہ صحت نے ٹارگٹڈ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کرلی

فیصل آباد میں محکمہ صحت نے ٹارگٹڈ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کرلی
July 24, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں محکمہ صحت نے ٹارگٹڈ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کرلی۔ مہم کے پانچویں روز کسی وجہ سے رہ جانے والے 10 ہزار  سے زائد  بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ فیصل آباد کی مخصوص چوالیس یونین کونسلز میں پانچ روزہ انسداد پولیو کی خصوصی ٹارگٹڈ مہم اختتام کو پہنچی، محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھر گھر جا کر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو انتہائی ذمہ داری سے پولیو ویکسین پلائی۔ پولیو ٹیموں کو تین تحصیلوں میں 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ دیا گیا، جڑانوالہ میں 10 ہزار جبکہ سٹی اور صدر میں پہلے چار روز کسی وجہ سے رہ جانے والے سیکڑوں بچوں کو مہم کے پانچویں روز کیچنگ ڈے کے طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، اس موقع پر والدین نے بھی قومی مہم میں محکمہ صحت کا بھرپور ساتھ دیا۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا گیا، جو مہم کی کامیابی کی وجہ بنا۔