Thursday, April 25, 2024

فیصل آباد میں سرکاری ریکارڈ چوری کر کے فروخت کئے جانے کا انکشاف

فیصل آباد میں سرکاری ریکارڈ چوری کر کے فروخت کئے جانے کا انکشاف
November 29, 2017

فیصل آباد ( 92 نیوز ) سرکاری ریکارڈ چوری کرکے فروخت کرنے کا انکشاف ہو اہے ۔ حکام کو ملوث گروہ سے متعلق آگاہ کردیا گیا ۔گروہ نادرا آفس اور موبائل کمپنیز سے ریکارڈ چوری کرکے سوشل میڈیا کے ذریعے فروخت کرتا ہے۔
فیصل آباد میں حساس ادارے کی جانب سے جاری کی گئی خفیہ رپورٹ میں سوشل میڈیا پر ایک ایسے گروپ کا انکشاف ہوا ہے، جسے تین لوگ آپریٹ کر رہے ہیں ۔ ملزمان عام لوگوں سے پیسے وصول کرنے کے بعد موبائل سمز اور نادرا کا اہم ریکارڈ بمعہ تصاویر فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق گروہ کے افراد کسی بھی موبائل کا مکمل ڈیٹا اڑھائی ہزار، جبکہ نادرا شناختی کارڈ کا ریکارڈ تصاویر کے بغیر 600 اور تصاویر سمیت 1200 روپے میں فراہم کر دیتے ہیں ۔
ملزمان نے سوشل میڈیا پر جعلی اکاونٹس بھی بنا رکھے ہیں، تمام تر صورتحال نے عوام کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔
خفیہ رپورٹ کے بعد عوام کی جانب سے اپنی اہم ترین معلومات غیر محفوظ ہونے کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے ۔ رپورٹ جاری ہونے کے باوجود متعلقہ ادارے تاحال ملزمان تک پہنچے میں ناکام ہیں۔