Friday, May 10, 2024

فیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر قائم تمام پٹرول پمپس ، تجاوزات ختم کرنیکا حکم

فیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر قائم تمام پٹرول پمپس ، تجاوزات ختم کرنیکا حکم
August 19, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے فیصل آباد  میں رفاعی پلاٹس اورگرین بیلٹس پرقائم تمام پٹرول پمپس اور تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کمشنرکومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہرکا سروے کرائیں اوررپورٹ عدالت میں جمع کرائیں، معاملے کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کےخلاف ایکشن لیں ۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ کمشنر صاحب تھوڑی جرات اوربہادری کا مظاہرہ کریں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں سرکاری زمین لیز پر دینے  کے کیس کی چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی ، کمشنرفیصل آباد اورممبربورڈ آف ریونیو پنجاب پیش ہوئے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ عوامی اور سرکاری زمینوں پر پٹرول پمپس کیسے تعمیر ہو گئے ، عدالت نے پٹرول پمپس ختم کرانے کا حکم دیا تھا۔

 کمشنرفیصل آباد نے بتایا کہ فیصل آباد والا پٹرول پمپ خالی کرادیا ہے ، عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کرینگے  ، عدالت کے حکم سے طاقت ملی ہے ،شہر میں مزید بھی گرین بیلٹس پر ایسی تجاوزات ہیں سب کیخلاف ایکشن ہوگا۔

جسٹس قاضی امین کا کہنا تھا کہ کمشنرصاحب آپ کے پاس اختیارات ہیں اورآپ ایک پبلک سرونٹ ہیں ، قانون اور اختیارات کا استعمال کریں ،شہر کو چلانا انتظامیہ کا کام ہے ، ارکان پارلیمان یا ججز کانہیں ،ایسی جگہوں پرکمرشل سرگرمیاں انتظامیہ کی ناکامی ہے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں رفاعی پلاٹس اورگرین بیلٹس پر ایسی تجاوزات کیخلاف ایکشن لے گی ، عدالت نے فیصل آباد میں گرین بیلٹس ، رفاعی پلاٹس پر تمام غیر قانونی غیر متعلقہ سرگرمیاں ختم کرکے انہیں اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم دے دیا جبکہ کمشنر اور ممبر ریونیو سے سرکاری زمین پر پیٹرول پمپس کے قیام سے متعلق تفصیلی رپورٹ 3 ہفتے میں طلب کرلی۔