Sunday, May 5, 2024

فیصل آباد میں دو گروپوں میں تصادم ، ایک شخص جاں بحق

فیصل آباد میں دو گروپوں میں تصادم ، ایک شخص جاں بحق
November 15, 2017

فیصل آباد ( 92 نیوز ) فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں کالج روڈ پر دو مسلح گروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان فرار ہو گئے۔
سمن آباد میں ٹیکنیکل کالج کے سامنے دو مسلح گروپوں میں تصادم کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا ۔ لڑائی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ فائرنگ کے بعد قرب و جوار میں موجود علاقوں کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہو گئے ۔ پولیس کی مطابق مقتول کی شناخت ڈجکوٹ کے رہائشی اعجاز الشمس کے نام سے ہوئی تاہم لڑائی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔ پولیس نے مرنے والے شخص کی لاش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کردی ۔