Wednesday, April 24, 2024

فیصل آباد میں بیش قیمت نئی اور پرانی گاڑیوں کی نمائش نے رنگ جما دیا

فیصل آباد میں بیش قیمت نئی اور پرانی گاڑیوں کی نمائش نے رنگ جما دیا
November 28, 2016

فیصل آباد (92نیوز) فیصل آباد میں گاڑیوں کا میلہ سجایا گیا جس میں انتہائی بیش قیمت نئی اور پرانی گاڑیوں کو نمائش کیلئے رکھا گیا۔ ان رنگ برنگی گاڑیوں کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد ڈی گراؤنڈ امڈ آئی۔ تفصیلات کے مطابق نئی اور پرانی چمچماتی گاڑیاں زینت بنیں اس خوبصورت میلے کی جو ڈی گراؤنڈ فیصل آباد میں سجایا گیا۔

میلے میں ہر رنگ اور قسم کی گاڑیاں رکھی گئی تھیں۔ کسی نے لینڈ کروزر میں دلچسپی لی تو کوئی فراری پہ فدا تھا۔ بچے اور بڑے سبھی جوق در جوق میلہ دیکھنے پہنچے۔ شرکا کی خوشی دیدنی تھی۔ سپورٹس کاروں کے علاوہ قدیم گاڑیوں کو بھی آٹو شو کا حصہ بنایا گیا تھا۔

آٹو شو میں شائقین مختلف گاڑیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے اور خوب محظوظ ہوئے۔ منچلوں نے تو چمکتی دمکتی گاڑیوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے آٹو شو کا افتتاح کیا جس میں کاروں کے نئے ڈیزائن اور ماڈلز بھی متعارف کروائے گئے۔