Saturday, May 11, 2024

فیصل آباد میں بھی بارشوں سے گندم کی پیداوار شدید متاثر

فیصل آباد میں بھی بارشوں سے گندم کی پیداوار شدید متاثر
May 7, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی بارشوں نے گندم کی پیداوار کو شدید متاثر کیا ہے، غیرمتوقع ژالہ باری کے باعث نہ صرف کٹائی کا عمل بار بار تاخیر کا شکار ہو رہا ہے بلکہ دانے کے معیار اور پیداوار میں بھی 16 سے 18 فیصد کمی کا خدشہ سر اٹھانے لگا ہے۔ فیصل آباد میں گندم کی فصل سے خطرے کے بادل نہ چھٹ سکے، رواں سال حکومت کی جانب سے مقرر کیا گیا ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرنا بھی مشکل نظر آنے لگا ہے۔ محکمہ زراعت  کے مطابق رواں برس فیصل آباد میں دو فیصد اضافے کیساتھ 20 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی، تاہم حالیہ بارشوں کے بعد پیداوار میں اضافے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں اب تک کے اعدادو شمار کے مطابق فی ایکٹر 37.51 من پیداوار حاصل ہو رہی ہے تاہم خدشہ ہے کہ جن علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی وہاں گندم کی فصل اور دانے کا معیار بری طرح متاثر ہوگا۔ زرعی ماہرین کے مطابق کسان کے گندم کی فی ایکٹر پیداوار پر 20 سے 22 ہزار تک اخراجات آتے ہیں اور پیداوار اچھی ہو تو ہی منافع کمانے کا موقع ملتا ہے لیکن اس بار بارشوں کے باعث فی ایکٹر پیداوار توقعات کے مطابق ہوتی نظر نہیں آ رہی۔