Friday, April 19, 2024

فیصل آباد میں ایف ڈی اے سٹی کے رہائشی 15 سال بعد بھی مسائل کا شکار

فیصل آباد میں ایف ڈی اے سٹی کے رہائشی 15 سال بعد بھی مسائل کا شکار
June 23, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد میں 15 سال بعد بھی ایف ڈی اے سٹی کے باسی مسائل کے بھنور سے نہ نکل سکے، سرکاری رہائشی کالونی کیلئے حکام نے پنجاب حکومت سے مزید فنڈز مانگ لیے ۔

فیصل آباد میں موٹر وے سے کچھ دوری پر واقع ایف ڈی اے سٹی کے باسیوں کو طرزِ زندگی میں بہتری کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا ، کیونکہ حکام کی جانب سے رہائشی کالونی کی آبادکاری حکومتی فنڈز سے مشروط کردی گئی ہے، ایف ڈی اے انتظامیہ نے مقصد کے حصول کے لئے صوبائی حکومت سے مزید 30 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کر لیے ہیں۔

پندرہ سال قبل بنائی گئی سرکاری ہاؤسنگ کالونی میں بجلی کی عدم دستیابی، پانی اور سیوریج سمیت متعدد مسائل سے مکین پریشانی کا شکار ہیں تو دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ کالونی کو بجلی کی فراہمی کیلئے مزید 2 گرڈ اسٹیشنز  کی ضرورت ہے جس کے لیے  30 سے 38 کروڑ تک کی رقم ادا کرنا ہو گی،  اورفنڈز کے بغیر ایسا  ہونا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ ایف ڈی اے سٹی میں 5 اور 10 مرلے سے لیکر 1کنال تک کے 10 ہزار سے زائد پلاٹس موجود ہیں تاہم انتظامیہ کے حکومت سے حالیہ مطالبے نے انتظار کی سولی پر لٹکےشہریوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔