Friday, March 29, 2024

فیصل آباد ماسٹر پلان اور تجاوزات کیس، کمشنر فیصل آباد سے پارکس، پلے گراونڈز کی تفصیلات طلب

فیصل آباد ماسٹر پلان اور تجاوزات کیس، کمشنر فیصل آباد سے پارکس، پلے گراونڈز کی تفصیلات طلب
November 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے فیصل آباد ماسٹر پلان اور تجاوزات کیس میں کمشنر فیصل آباد سے پارکس،پلے گراونڈز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصل آباد تجاوزات اور ماسٹر پلان کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر فیصل آباد پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے حوالے سے آپ نے کیا کام کیا ؟ ماسٹر پلان تک جمع نہیں کرایا ۔

وکیل کمشنر نےعدالت کو بتایا کہ 551 کنال اراضی پر تجاوزات تھیں۔ 509 کنال اراضی واگزار کرا چکے ہیں۔

کمشنر فیصل آباد نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے مہلت مانگی تو چیف جسٹس نے ان کی سرزنش کر ڈالی اور کہا کہ ساری زندگی آپ ٹائم ہی لیتے رہے ہیں۔ نقشہ تک تو بنا نہیں سکے۔ گوگل سے ایک منٹ میں سب مل جاتا ہے، آپ سے کیا امید کی جا سکتی ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے  فیصل آباد ڈویلپمینٹ اتھارٹی کے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی حالت یہ ہے کہ اب ہم گٹر بھی نہیں بنا سکتے۔ اب گٹر لائن بھی ہمیں جائیکا بنا کر دے گا۔ پتہ نہیں ملک کو کس جگہ پہنچا دیا گیا ہے۔ ٹاؤن پلانر ملک چھوڑ کر ٹورنٹو اور یورپ جا چکے ہیں۔

سپریم کورٹ نے کمشنر فیصل آباد سے پارکس، پلے گراؤنڈز کی تفصیلات طلب کرلیں ۔ عدالت نے این ایچ اے کو نیشنل ہائی ویز پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کر دی۔