Monday, September 16, 2024

فیصل آباد: عمرہ کے نام پر ٹریول ایجنٹ نے معصوم شہریوں سے 44 لاکھ لوٹ لئے

فیصل آباد: عمرہ کے نام پر ٹریول ایجنٹ نے معصوم شہریوں سے 44 لاکھ لوٹ لئے
February 3, 2017
فیصل آباد(92نیوز)فیصل آباد میں ٹریول ایجنسی کا بڑا عمرہ اسکینڈل 92 نیوز سامنے لے آیا، ٹریول ایجنسی نے معصوم شہریوں سے 44 لاکھ روپے لوٹ لئے، ایک ہی خاندان کے 40 افراد سے ویزے کے پیسے لیکر صرف 7 افراد کو ٹکٹس دی، جبکہ سیاسی اثرورسوخ ایسا کہ پولیس اور ایف آئی اے بے بس ہوکر رہ گئی۔ تفصیلات کےمطابق بے لگام ٹریول ایجنسی کا بڑا عمرہ سکینڈل 92 نیوز سامنے لے آیا، اللہ کے گھر عمرے کی غرض سے جانے والوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والی ٹریول ایجنسی کا چہرہ اس وقت بےنقاب ہوا جب ایک ہی خاندان کے 44 لاکھ روپے ہڑپ کرلئے ، مئی 2014 میں نواز نے اہلِ خانہ کے 40 افراد کے عمرہ ٹکٹ کیلئے ایجنسی کو رقوم جمع کروائی، 12 جون کو جب مقررہ وقت پر ٹکٹیں نہ ملی تو اہلِ خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا۔ سیاسی اثرورسوخ کے باعث پولیس اور ایف آئی اے فراڈ ٹریول ایجنسی کا کچھ نہ بگاڑ سکا، اہلِ خانہ کے واویلا مچانے پر ایجنسی نے صرف 7 افراد کو اصلی جبکہ 33 افراد کو جعلی ٹکٹیں تھما دیں، مکمل تیاری سے تمام افراد ایئر پورٹ پہنچے جنہیں حکام نے واپسی کا راستہ دکھا دیا، دوسری جانب پولیس نے بھی ٹریول ایجنسی کے منیجر کی کرپشن کی تصدیق کر دی۔ 92 نیوز نے ٹریول ایجنسی کا موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا تو تمام ملازمین دفاتر چھوڑ کر بھاگ گئے اور مالک نے بھی بات کرنے سے صاف صاف انکار کردیا ۔