Wednesday, May 1, 2024

فیصل آباد ، صوبائی وزیر نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا 5 سالہ ریکارڈ طلب کر لیا

فیصل آباد ، صوبائی وزیر نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا 5 سالہ ریکارڈ طلب کر لیا
September 16, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے نو منتخب صوبائی وزیر نے محکمے کے پانچ سالہ ریکارڈ کی چھان بین کا حکم دے دیا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں مبینہ کرپشن اور بدعنوانیوں کی شکایات پر صوبائی وزارت نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ محکمے سے پہلے مرحلے میں جائیداد پر ٹیکس وصولیوں کا پانچ سالہ ریکارڈ طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق کمرشل پلازوں کو ڈومیسٹک ظاہر کر کے ٹیکس چوری کرنے کے کئی معاملات سامنے آئے جبکہ پراپرٹی ٹیکس وصول نہ کیئے جانے کی بھی شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے۔ نو منتخب صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد کے مطابق پہلے مرحلے میں پانچ سالہ ریکارڈ کی مکمل چھان بین کریں گے جبکہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد موٹر برانچ میں ہونے والی مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کے ساتھ ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے والی پراپرٹیز کا بھی آڈٹ کروایا جائے گا ۔