Monday, May 13, 2024

فیصل آباد سمیت شہر شہر کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے

فیصل آباد سمیت شہر شہر کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے
August 5, 2020

فیصل آباد( 92 نیوز) فیصل آباد  سمیت شہر شہر کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے گونج اٹھے، سائرن کے بعد ایک منٹ کی خاموشی، یکجہتی کشمیر ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

جنت نذیر وادی کشمیر کو دنیا کی سے بڑی جیل میں تبدیل ہوئے ایک سال بیت گیا ، کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع  پرفیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ نے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی، اس دوران 9 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجایا گیا، اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ریلی میں ضلعی اور پولیس افسران، اراکین اسمبلی، سرکاری اداروں کے ملازمین، سول سوسائٹی کے ارکان اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکاء نے دنیا کو کشمیریوں سے کلمہ حق کا رشتہ باور کروایا۔

شاہینوں کے شہر سرگودھا میں بھی ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی نے یومِ استحصالِ کشمیر ریلی نکالی، اس موقع پر فضاء کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔

جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اوربھکر میں بھی ضلعی افسران نے غیور  کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا ،چنیوٹ میں انتظامیہ اور شہری کشمیری بھائیوں کے لیے یک زبان ہوگئے اور میونسپل چوک سے ختم نبوت چوک تک ریلی نکالی۔

ریلیوں کے شرکاء نے دنیا کو پیغام دیا کے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیرمیں ظلم و بربریت اب اور برداشت نہیں کریں گے ۔ ہر کشمیری چاہتا ہے آزادی ، بھارت جا چھوڑ دے میری وادی۔