Friday, March 29, 2024

فیصل آباد ، سستے بازار میونسپل کارپوریشن کیلئے سونے کا انڈا دینے والی مرغی

فیصل آباد ، سستے بازار میونسپل کارپوریشن کیلئے سونے کا انڈا دینے والی مرغی
January 7, 2018

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں عوامی سہولت کے لئے لگائے جانے والے سستے بازار میونسپل کارپوریشن کے لئے سونے کا انڈا دینے والی مرغی بن گئے۔
کہنے کو عوام کے لیے لگائے گئے سستے بازار لیکن حقیقت میں میونسپل کاپوریشن کا کاروبار۔
فیصل آباد شہر کے مختلف مقامات پر لگنے والے سہولت بازار پھیلتے پھیلتے اپنی حدود سے کہیں باہر نکل گئے اور یہ سب انتظامیہ کی مرہون منت ممکن ہوا۔
دوکاندار کہتے ہیں کہ افسران اپنی مرضی سے بازار کے اسٹالز لگواتے ہیں اور ان سے زبردستی پیسے وصول کیے جاتے ہیں۔
شہر میں لگنے والے 42 سستے بازاروں میں سے بیشتر پھیلتے ہوئے سڑکوں پر آ چکے ہیں جن سے مرکزی شاہراوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
اسٹالز مالکان کہتے ہیں کہ افسران ریکارڈ میں کم اسٹال ظاہر کر کے دیگر سے وصول ہونے والے پیسے اپنی جیبوں میں بھرتے ہیں۔
دوسری جانب میئر رزاق ملک کے لیے تو شائد یہ کوئی بڑی بات نہیں۔
انتظامیہ فی اسٹال 300 سے 500 روپے وصول کرتی ہے جس میں سے بیشتر کمائی مال مفت بن جاتی ہے۔
سستے بازاروں میں اسٹالز کے اعداد و شمار میں ہیر پھیر کر کے میونسپل کارپوریشن کے نمائندے عوام کے لیے مسائل پیدا کرنے کے ساتھ اپنی جیبیں بھی خوب گرم کر رہے ہیں۔