Thursday, April 18, 2024

سرگودھا یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کے طلبہ کا یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف احتجاج

سرگودھا یونیورسٹی  فیصل آباد کیمپس کے  طلبہ کا یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف احتجاج
September 25, 2018
فیصل آباد ( 92 نیوز )سرگودھا یونیورسٹی کے فیصل آباد کیمپس میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی اقدامات سامنے آئے ہیں ۔ طلباء کو نہ ہی ڈی ایم سی دیا جا رہا ہے اور نہ ہی ان کی رجسٹریشن کی گئی جس کے خلاف طلباء احتجاجا سڑکوں پر نکل آئے  اور ٹائر جلا کر سرگودھا یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی ۔ سرکاری یونیورسٹیز کی جانب سے غیر قانونی اقدامات کی انتہا ہوگئی، ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی لمبی تان کر سو گیا، سرگودھا یونیورسٹی کے فیصل آباد کیمپس نے چار سال گزرنے کے بعد بھی طلباء کو ڈی ایم سی دیا اور نہ ہی ان کی رجسٹریشن ہوسکی جس کی وجہ سے سینکڑوں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ فیصل آباد میں   یونیورسٹی کے اقدامات کے خلاف طلباء سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر بھرپور احتجاج کیا مظاہرین نے ستیانہ روڈ پر کئی گھنٹے ٹریفک بلاک کیے رکھی۔ طلباء کا کہنا ہے کہ 2014 ء سے لیکر 2016ء تک سیشن کے طلباء کو ابھی تک ڈیٹیل مارکس شیٹ نہیں دی گئیں، اور تو اور 2015ء تا 2017ء تک کے سیشن کے سٹوڈنٹس کی رجسٹریشن بھی نہیں ہوئی، ان غیر قانونی اقدامات پر ایچ ای سی بھی خاموش ہے اور کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی۔ ستم ظریفی یہ کہ سابق حکومت کی مہربانیوں سے وفاق میں الگ اور پنجاب میں الگ سے ایچ ای سی کام کر رہا ہے اور دونوں کے آپس میں روابط بھی نہیں،  لیکن سب مال کمانے پر تلے ہوئے ہیں۔ شہری اس بات پر حیران ہیں کہ تعلیم کا گلہ گھونٹنے کے لیے ایچ ای سی نے پرائیویٹ سیکٹر کے لیے تو نہائت سخت شرائط مرتب کر رکھی ہیں جبکہ دوسری جانب سرکاری یونیورسٹیز کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ مفاد پرستوں نے رقم بٹورنے کے چکر میں بڑی رہائش گاہوں کے اندر کیمپس بنا کر سرکاری یونیورسٹیز سے الحاق کر رکھا ہے، جن کا نہ کوئی اصول اور نہ کوئی ضابطہ ، مقصد صرف اور صرف پیسہ کمانا ہے،افسوس کی بات یہ کہ سیاسی تبدیلی تو آگئی مگراس کرپٹ نظام میں ابھی تک تبدیلی نہیں آئی۔