Tuesday, April 23, 2024

فیصل آباد ۔ حلقہ این اے 105 ترقیاتی کاموں کے اعتبار سے کئی سال پیچھے ہے

فیصل آباد ۔ حلقہ این اے 105 ترقیاتی کاموں کے اعتبار سے کئی سال پیچھے ہے
July 7, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد کا حلقہ این اے ایک سو پانچ  دور جدید میں بھی ترقیاتی کاموں کے اعتبار سے کئی سال پیچھے رہ گیا ہے۔ حلقہ این اے 105 جو کہ پرانی حلقہ بندیوں میں این اے 80 ہوا کرتا تھا، آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم نظر آ رہا ہے۔ علاقے میں نکاسی آب کا پرانا نظام جبکہ سیوریج کے پانی سے بھری نالیاں مچھروں کی آماجگاہ بنی ہوئی ہیں۔ صفائی کے ناقص انتظام اور گندگی کے ڈھیروں نے اہل علاقہ کا جینا بھی محال کر رکھا ہے۔ اہل حلقہ شوکہ کرتے نظر آتے ہیں کہ آج کے دور میں بھی انہیں سوئی گیس کی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور وہ چولہا جلانے کیلئے گوبر یا دوسرے ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔ ماضی میں لیگی رہنما میاں فاروق یہاں سے منتخب ہوئے لیکن شاید وہ عوامی مسائل حل کروانے میں ناکام رہے۔ اسی لئے تو انہیں ووٹرز ان سے حساب مانگ رہے ہیں۔ سابق رکن اسمبلی اس بار بھی قسمت آزمانے نکلے ہیں۔ ان کا مقابلہ مضبوط سیاسی منظر رکھنے والے چوہدری نذیر کے پوتے مسعود نذیر سے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے اعجاز چوہدری بھی میدان میں ہیں لیکن جیت کا تاج کس کے سر پر سجے گا اس کا فیصلہ عوام 25 جولائی کو کریں گے۔