Monday, September 16, 2024

فیصل آباد ، جی سی یونیورسٹی کی طالبہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر طلباء سراپا احتجاج

فیصل آباد ، جی سی یونیورسٹی کی طالبہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر طلباء سراپا  احتجاج
March 30, 2018

 فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں جی سی یونیورسٹی کی طالبہ کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف ساتھی طلباء سراپا احتجاج بن گئے ۔ مظاہرین نے پہلے چناب چوک اور پھر امام بارگاہ چوک کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ۔

 احتجاج میں شریک مظاہرین نے مظلوم عابدہ کو انصاف کی فراہمی کے پیغامات پر مبنی بینرز اور پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے ۔

 طلباء نے کہا کہ عابدہ کے بیہمانہ قتل میں پولیس بھی شریک جرم ہے جس نے کئی روز تک آہ و بکا کرنے والے والدین کی سنی ان سنی کردی اور وقت پر مقدمہ درج نہ کیا ۔

 طلباء نے کہا کہ عابدہ کے قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج اور جسٹس فار عابدہ مہم جاری رکھیں گے ۔

 جڑانوالہ کی رہائشی اور جی سی یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ عابدہ کے قتل کو 48 گھنٹے گزر گئے مگر پولیس تاحال ناکامیوں کی داستانیں رقم کر رہی ہے ۔

 مقتولہ کے موبائل فون سے ڈیٹا حاصل کرنے اور اغواء کے ممکنہ مقام پر موجود افراد سے پوچھ گچھ کے باوجود کوئی سراغ ہاتھ نہ لگ سکا ۔

92 نیوز نے عابدہ کے لیے انصاف کی آواز بلند کی تو شہری بھی اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنے لگے ۔

 فیصل آباد کی سول سوسائٹی اور طلباء نے جسٹس فار عابدہ کے نام سے سوشل میڈیا پر بھی مہم کا آغاز کر دیا ۔

 دوسری طرف عابدہ کے آبائی گاوں کی فضا دوسرے روز بھی سوگوار ہے ۔ غم سے نڈھال والدین وزیر اعلی پنجاب اور چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی اپیل کر رہے ہیں ۔