Friday, May 17, 2024

فیصل آباد، تعلیمی بورڈ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کا ڈھیر لگ گیا

فیصل آباد، تعلیمی بورڈ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کا ڈھیر لگ گیا
March 23, 2021

فیصل آباد (92 نیوز)تعلیمی میدان میں کامیاب ہونے کے لیے طلباء کی انتھک محنت اور فیسوں کی ادائیگی میں والدین کی قربانیاں بھی شامل ہوتی ہیں تاہم فیصل آباد میں میٹرک اور انٹر کا امتحان پاس کرنے کے بعد ہزاروں طلباء نے تعلیمی بورڈ سے اسناد وصول نہیں کیں۔

ایک دہائی سے زائد عرصہ پڑھائی کے بعد فیصل آباد میں ہزاروں طلباء و طالبات نے تعلیم سے ناطہ توڑ لیا، تعلیمی بورڈ کے دفتر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کا ڈھیر لگ گیا ، حکام کے مطابق 11-2010 اور 12 میں میٹرک کے مجموعی طور پر 27 ہزار  459 جبکہ انٹر میڈیٹ کے 28 ہزار باسٹھ طلباء نے اسناد وصول کرنے کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

بورڈ حکام کے مطابق 2010 سے سند فیس لاگو ہونے پر اسکولوں نے اسناد کے حصول میں غفلت کا مظاہرہ کرنا شروع کردیا۔ تاہم اس حوالے سے آگاہی مہمات چلا رہے ہیں۔ معاملے پر طالبات سے بات کی تو انہوں نے مختلف وجوہات بیان کیں، لڑکیوں کا کہنا تھا کہ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے بعد شادیاں اور دیہی علاقوں میں اعلی تعلیم کے رجحان میں کمی اسناد وصول نہ کرنے کی بڑی وجہ ہے جبکہ حصول تعلیم کے بجائے مجبوری کے تحت مزدوری کرنے والے طلباء بھی ڈگریاں وصول نہیں کرتے۔

تعلیمی بورڈ کے سربراہان نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف سالہا سال کی محنت کا نتیجہ حاصل کریں بلکہ اعلی تعلیم کے ذریعے وطن عزیز کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

ہزاروں طلباء کا کامیابی کے باوجود ڈگریاں وصول نہ کرنا اعلی تعلیم کی طرف رجحان میں کمی کا پتہ دے رہا ہے جس پر تھنک ٹینکس کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔