Thursday, April 25, 2024

فیصل آباد، بالٹی کے نشان کی الاٹمنٹ دلچسپ صورتحال اختیار کرگئی

فیصل آباد، بالٹی کے نشان کی الاٹمنٹ دلچسپ صورتحال اختیار کرگئی
June 30, 2018
فیصل آباد( 92 نیوز ) فیصل آباد میں انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ دلچسپ صورتحال اختیار کر گئی، بالٹی کا نشان ہاٹ فیورٹ بنا تو الاٹمنٹ کے لئے نوبت ٹاس اور قرعہ اندازی تک جا پہنچی، ایک ہی نشان کے لئے کئی امیدواروں کے سامنے آنے پر ریٹرننگ افسران بھی مشکل میں پڑ گئے۔ فیصل آباد میں عام انتخابات سے قبل بالٹی کا نشان ن لیگ کے باغی امیدواروں کے لیے ہاٹ فیورٹ بن گیا، ایک ایک حلقے سے کئی کئی امیدوار بالٹی کا نشان حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوئے تو ریٹرننگ آفیسر کو بھی فیصلہ ٹاس کے زریعے کرنا پڑا ۔ این اے 105 سے انتخابی نشان بالٹی کا قرعہ ٹاس کے زریعے قاسم فاروق کے نام نکلا جس پر سابق ن لیگی ایم این اے میاں فاروق نے مخالفین کو کھلا چیلنج دے دیا۔ پی پی 111 سے سابق ایم پی اے خواجہ اسلام کو بھی ریٹرننگ آفیسر نے بالٹی کا نشان الاٹ کر دیا جبکہ ٹاس کے ذریعے ہارنے والے عاصم نذیر گروپ نے چارپائی کے نشان پر انتخابات میں جانے کا فیصلہ کر لیا۔امیدواروں کا کہنا ہے کہ ایک نشان کے لیے زیادہ امیدواروں کا سامنے آنا کوئی سیاسی حربہ نہیں، اصل فیصلہ 25 جولائی کو ہوگا ۔ پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار نجم الحسن عرف طوطا پہلوان نے اپنے نام کے مطابق انتخابی نشان طوطا جبکہ مجھے ووٹ نہ دیں کی انوکھی انتخابی مہم چلانے والےعقیل الرحمان نے سیب کا انتخاب کیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کر کے فہرستیں لگا دی گئی ہیں۔