Monday, May 13, 2024

فیصل آباد ، باردانہ کی تقسیم کیلئے دوبار منسوخی کے بعد تیسری تاریخ مقرر

فیصل آباد ، باردانہ کی تقسیم کیلئے دوبار منسوخی کے بعد تیسری تاریخ مقرر
April 23, 2019

فیصل آباد( 92 نیوز) فیصل آباد میں گندم خریداری مہم میں کسانوں کو تاریخ پر تاریخ ملنے لگی ، باردانہ کی تقسیم کیلئے دو بار منسوخی کے بعد تیسری تاریخ مقرر کردی گئی، بار دانہ ملنے میں تاخیر کے باعث کسانوں کو کٹائی شروع کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

پہلے بارشوں اور اب محکمہ خوراک نے فیصل آباد  کے کسانوں کے لیے گندم کی کٹائی مشکل بنا دی، باردانہ کی تقسیم کیلئے پہلے 17 ،پھر 22 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ۔

دونوں مرتبہ شیڈول بدل دیا گیا اور اب کسانوں کو ایک بار پھر29 اپریل کی تاریخ دے دی گئی ہے۔

خریداری مہم میں تاخیر کے باعث کسان پریشان ہیں جن کا کہنا ہے کہ باردانہ کی تقسیم میں تاخیر سے گندم کی کٹائی شروع کرنے میں دشواری ہے۔  اگر پھر سے بارش ہو گئی تو فصل کھیتوں میں ہی خراب ہو جائے گی۔

دوسری جانب کسانوں کی مشکلات سے بے پرواہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر تاخیر کی وجہ گزشتہ حالیہ بارشوں کو ٹھہرا رہے ہیں۔

محکمہ خوراک کے نئے شیڈول کے مطابق اب 29 اپریل کو باردانہ کی تقسیم کے بعد 3 مئی سے گندم کی خریداری شروع کی جائے گی، جس کیلئے کل 14 لاکھ 40 ہزار بوری کسانوں میں تقسیم کرکے ایک لاکھ چالیس ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی۔