Thursday, May 9, 2024

فیصل آباد : ایکسائز دفتروں کا ریکارڈ عدم توجہی کا شکار

فیصل آباد : ایکسائز دفتروں کا ریکارڈ عدم توجہی کا شکار
October 5, 2017

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں ایکسائز افسران کی غفلت سے اہم ریکارڈ کھلے آسمان تلے اور راہداریوں میں پھینک دیا گیا ہے ۔ نا مناسب حفاظتی اقدامات کے باعث فائلوں کے چوری یا ضائع ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔
ٹوٹی پھوٹی الماریاں اور لاک بھی خراب ہیں ۔ ایکسائز دفتر کی راہداری میں پڑا ریکارڈ انتہائی اہم تو ہے لیکن اسے محفوظ بنانے کی فکر شاید کسی کو بھی نہیں ہے ۔
محکمہ ایکسائز کا عملہ تمام ریکارڈ انہی الماریوں میں رکھتا ہے ۔ چند ایک لاک ہیں جبکہ متعدد کو تالے بھی نہیں لگے ہوئے ۔
الماریوں میں پڑی ہزاروں فائلیں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ ہیں جبکہ پراپرٹی کے حوالے سے اہم فائلیں بھی انہیں الماریوں میں رکھی گئی ہیں اور حفاظت کا کوئی خاص انتظام نہیں ۔
ذرائع کہتے ہیں کہ افسران نے متبادل انتظام نہ کیا تو یہ ریکارڈ چوری یا پھر ضائع ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔
محکمہ ایکسائز کے آفیسر کا کہنا ہے کہ ریکارڈ محفوظ بنانے کیلئے ان کے پاس تین کمرے ہیں اور چند سال پہلے ان میں مزید ریکارڈ رکھنے کی گنجائش ختم ہو گئی تھی ۔