Friday, April 26, 2024

فیصل آباد آج دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، لاہور کا فہرست میں دوسرا نمبر

فیصل آباد آج دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، لاہور کا فہرست میں دوسرا نمبر
November 29, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اسموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام حکومتی اقدامات ناکام ہوگئے، فیصل آباد آج دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار پایا ہے، آج صبح فیصل آباد کا ایئرکوالٹی انڈیکس 429 جبکہ لاہور کا 410 ریکارڈ کیا گیا۔

فضائی آلودگی ماپنے کے عالمی ادارے نے لاہور میں خطرے کی گھنٹی بجا دی، باغوں کے شہر میں مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس 410 تک جا پہنچا، سب سے زیادہ فیصل آباد کا 429 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں سب سے زیادہ کوٹ لکھپت کا علاقہ متاثر ہوا جہاں فضائی آلودگی کی شرح 728 تک پہنچ گئی۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق ٹاؤن ہال کے علاقے میں ائیر کوالٹی انڈیکس 230 ریکارڈ کیا گیا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے اطراف میں 371، ٹاؤن شپ میں فضائی آلودگی کی شرح 189 تک جا پہنچی۔

ادھر لاہور میں اسموگ اور بڑھتی آلودگی کے پیش نظر تعلیمی ادارے تین دن کیلئے بند ہیں لیکن شہریوں کی جانب سے مسلسل ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکولوں سے چھٹیاں ملنے کے بعد بچے بلاخوف خطر کھیل کود میں مصروف ہیں۔

اسموگ کے پیش نظر صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ لاہور میں تعلیمی ادارے 27 نومبر سے 15 جنوری تک ہفتے میں تین دن بند رہینگے۔