Friday, April 26, 2024

فیسکو کا نادہندہ سرکاری محکموں کیخلاف نیب سے رجوع کرنیکا فیصلہ

فیسکو کا نادہندہ سرکاری محکموں کیخلاف نیب سے رجوع کرنیکا فیصلہ
November 28, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز ) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو ) نے کروڑوں کے نادہندہ سرکاری محکموں کے خلاف نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ چھیاسی کروڑ روپے سے زائد واجبات کی وصولی کیلئے مختلف وفاقی اور صوبائی محکموں کو کنکشن منقطع کرنے کیلئے نوٹسز بھی جاری کر دیے ہیں۔ درجنوں وفاقی اور صوبائی محکمے فیسکو کے 86 کروڑ 75 لاکھ کے نادہندہ ہیں جنہوں نے کئی کئی ماہ سے بجلی بل ادا ہی نہیں کیا  ، جہاں ایک طرف سخت کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے وہیں نادہندہ محکموں کو ادائیگی کیلئے 7 دن مہلت دے کر نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ سب سے زیادہ ڈی ایچ کیو اور سرکاری اسپتالوں کے ذمہ 19 کروڑ 57 روپے ہیں جبکہ واسا 10 کروڑ، پنجاب ہیلتھ اینڈ ویلفیر ڈیپارٹمنٹ 7 کروڑ، پنجاب پولیس 4 کروڑ 85 لاکھ جبکہ ریلوے،ریونیو، محکمہ انہار،جیل خانہ جات اور دیگر درجنوں سرکاری محکمہ فیسکو کے کروڑوں کے نادہندہ ہیں۔ فیسکو نے تمام سرکاری اداروں کو 7 روز کے اندر واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں، بصورت دیگر نادہندگان کو نیب کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔