Friday, April 26, 2024

فیسوں میں اضافے سے متعلق اسکول مالکان کے حق میں آنے والا فیصلہ کالعدم قرار

فیسوں میں اضافے سے متعلق اسکول مالکان کے حق میں آنے والا فیصلہ کالعدم قرار
June 12, 2019
 کراچی (92 نیوز) فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس والدین جیت گئے، نجی اسکول مالکان ہار گئے۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ فیسوں میں 20 فیصد کمی کا عبوری حکم بھی واپس لے لیا۔ بڑی عدالت کا بڑا فیصلہ آ گیا۔ سپریم کورٹ نے نجی اسکولز میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کو ریلیف دے دیا۔ نجی اسکولز مالکان کی فیسوں میں سالانہ 15 سے 20 فیصد اضافہ کرنے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔ مختصر فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے پڑھ کر سنایا۔ عدالت عظمی نے نجی اسکولز کے حق میں آنے والا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے فل بینچ کا فیصلہ برقرار رکھا اور قرار دیا کہ اسکولز فیس میں سالانہ پانچ فیصد ہی اضافہ ہو گا۔ عدالت نے فیسوں میں بیس فیصد کمی سمیت تمام عبوری حکم بھی واپس لے لیے۔ عدالت نے واضح کیا کہ نجی اسکولز قانون کے مطابق ہی فیس وصول کر سکتے ہیں۔ پانچ فیصد سے اوپر اور 8 فیصد تک اضافے کا جواز پیش کرنا ہو گا۔ عدالت نے نجی اسکولز کو فیس کمی سے لیکر آج تک کم شدہ فیس بطور بقایاجات لینے سے بھی روک دیا۔ جسٹس فیصل عرب نے فیسوں میں پانچ فیصد اضافے کی حد سے اختلاف کیا۔ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔