Sunday, September 8, 2024

فیس بک کے بانی کا گلشن اقبال پارک سانحے پر اظہار افسوس

فیس بک کے بانی کا گلشن اقبال پارک سانحے پر اظہار افسوس
March 28, 2016
لاہور (92نیوز) سانحہ لاہور نے جہاں ملک بھر کے عوام کو مغموم کررکھا ہے وہیں بین الاقوامی شخصیات اور ادارے بھی واقعہ پر اپنے دکھ کا اظہار کررہے ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مارک زکربرگ نے لاہور میں خودکش حملے اور بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ لاہور میں دھماکے کے بعد پاکستان میں سیفٹی چیک کو فعال کردیا گیا ہے۔ بالکل اسی طرح گزشتہ دو ماہ کے دوران ترکی اور بیلجئم میں بھی سیفٹی چیک کو فعال بنایا گیا تھا اور اس بات کا انتظام کیا گیا تھا کہ دھماکے سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو ان کے بارے میں درست معلومات فراہم کی جاسکیں۔ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ یہ تمام حملے اگرچہ مختلف نوعیت کے تھے لیکن ان سب کا مقصد ایک ہی تھا کہ عوام میں خوف اور عدم اعتماد کی فضا پیدا کی جائے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ انسانی اقدار پر یقین رکھنے والے مارک زکربرگ نے پیرس حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے تو فرانس کے قومی پرچم کو اپنی پروفائل پکچر بنانے کا اہتمام کیا تھا لیکن لاہور حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایسا کوئی اہتمام نہیں کیا گیا۔