Monday, September 16, 2024

فیس بک نے کھیلوں کی دنیا کو اپنے دامن میں سمونے کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا

فیس بک نے کھیلوں کی دنیا کو اپنے دامن میں سمونے کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا
January 24, 2016
لندن (ویب ڈیسک) فیس بک کھیلوں کی دنیا کو اپنے دامن میں سمونے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں فیس بک نے اپنا ایک نیا فیچر بھی متعارف کرا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی کھیلوں سے اپنے صارفین کو باخبر رکھنے کیلئے مشہور زمانہ سوشل ویب سائٹ فیس بک نے ”فیس بک سپورٹس سٹیڈیم“ کے نام سے نیا فیچر لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے ناصرف دنیا بھر میں جاری کھیلوں کی اپ ڈیٹس دی جائیں گی بلکہ مختلف کھیلوں کے مداحوں کی جانب سے مقبول پوسٹس اور ماہرین کی جانب سے تجزیے اور آراءبھی پیش کی جائیں گی۔ سوشل میڈیا سائٹ نے اپنی ٹائم لائن پر لکھا ہے کہ ”650 ملین سپورٹس فینز کیساتھ فیس بک کا دنیا کا سب سے بڑا سٹیڈیم“۔ خیال رہے کہ فیس بک کا دعویٰ ہے کہ ان کے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد متحرک صارفین ہیں۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک کا نیا فیچر ٹوئٹر پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے کیونکہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی مقبول سروس ”لائیو ٹوئٹنگ گیمز“ بھی اس سے مشابہ ہے۔ یاد رہے کہ فیس بک سپورٹس سٹیڈیم فیچر تاحال صرف امریکی فٹ بال گیمز کو ہی کوریج دے رہا ہے۔