Thursday, May 9, 2024

فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے ،رپورٹ‏

فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے ،رپورٹ‏
September 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز) صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھانے سے متعلق  انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ  نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے ۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبرغیرقانونی طورپربڑھائے گئے، انکوائری رپورٹ میں انکشاف سامنے آگیا، ہیڈایگزامینر کے خلاف ضابطہ کارروائی کیلئے رپورٹ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ارسال کر دی گئی۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے ہیڈ ایگزمینر ایسوسی ایٹ پروفیسر سلیم نے اختیارات سے تجاوز کیا اورنمبر بڑھائے۔ پی ٹی آئی رہنما اور صوبائی وزیر پنجاب  فیاض الحسن چوہان نے سارے معاملے سے خود کو الگ کرلیا، 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ ادارہ جاتی معاملہ ہے، میرا کوئی عمل دخل نہیں، ،ایشو کو اسکینڈلائز کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن  کی رہنما عظمیٰ  بخاری نے معاملے پر خوب تنقید کی کہا کہ یہ معاملہ ایسے ہی ہے جیسے ملک میں ریاست مدینہ بن رہی ہے، یہ ڈرامے بازی ہے، معمولی بات نہیں،یہ دوسروں کو قانون اور آئین پر لیکچر دیتے تھکتےنہیں۔ فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14سے بڑھا کر خلاف ضابطہ 30 کیے گئے تھے ، معاملہ سامنے آنے پر انکوائری  کا حکم دیا گیا تھا، انکوائری رپورٹ میں پروفیسر سلیم رمضان کے خلاف ضابطے کی کارروائی  کی سفارش بھی کی گئی ہے۔