Saturday, May 11, 2024

فیاض الحسن چوہان کا گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ لڑکی سے فون پر رابطہ ، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی

فیاض الحسن چوہان کا گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ لڑکی سے فون پر رابطہ ، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی
August 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ لڑکی سے فون پر رابطہ کیا۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر متاثرہ لڑکی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 انہوں نے کہا اس معاملے میں حکومت کا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہے۔ واقعے میں ملوث ملزمان قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔

جشن آزادی پر گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاک بنانے کیلئے آئی خاتون پر عوام نے دھاوا بول دیا تھا۔ منچلے آزادی فلائی اوور پر خاتون ٹک ٹاکر پر جھپٹ پڑے اور بدتمیزی کرتے رہے اور فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تھی۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ لاری اڈا میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی مدعیت میں 400 نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ویڈیو بنانے کے دوران منچلے ہجوم کے ہمراہ پوری ٹیم پر حملہ آور ہو گئے۔ ہوا میں اچھالتے رہے اور کپڑے بھی پھاڑ دئیے جبکہ متعدد افراد نے ساتھی عامر سہیل کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نقدی بھی چھین لی۔

عائشہ اکرم نے مؤقف اپنایا تھا کہ مشتعل افراد نے انگوٹھی سمیت طلائی زیورات بھی اتار لیے اور مسلسل کھینچا تانی کرتے رہے۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔