Thursday, April 25, 2024

فیاض الحسن چوہان اور شہباز گل نے اپوزیشن پر چڑھائی کردی

فیاض الحسن چوہان اور شہباز گل نے اپوزیشن پر چڑھائی کردی
July 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) حکومتی نمائندے مسلسل اپوزیشن کی لفظی چھترول کرنے میں مصروف نظر آرہے ہیں، فیاض الحسن چوہان نے 50 لیگی اراکین سے رابطوں کا دعویٰ کردیا۔ شہباز گل کی توپوں کا رخ بھی پیپلزپارٹی کی طرف رہا۔ حکومتی نمائندوں نے توپوں کا رخ اپوزیشن کی طرف کرلیا، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان اور معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل مخالفین کی کھنچائی کرنے میں مصروف ہوگئے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے 50 لیگی اراکین کے رابطوں کا دعویٰ کیا، کہا کہ بلاول بھٹو سے نوعمری کی کرپشن اورمنی لانڈرنگ کاجواب مانگا، جبکہ مولانافضل الرحمان کو اصول کے نام پر وصول کی سیاست کا ٹائٹل دیا۔ فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ پنجاب کی سیاست کی چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کی کوشش کی گئی مگر عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے۔ ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے بیان میں مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بنایا، کہا کہ چینی کارٹل چلانے والا خاندان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے، تبدیلی نے کرپشن مافیا کی بنیادیں ہلا دی ہیں، کرپشن کے عظیم کھلاڑیوں کو آج کل ہر ایک کرپٹ نظر آ رہا ہے۔ شہباز گل کا کہنا ہے بلاول بتائیں کلبھوشن کو کہاں رعایت دی گئی؟۔ ان کا بس چلے تو کرپشن کو قانونی حیثیت دینے کا مطالبہ کردیں۔ یہ عدالت کی بجائے میڈیا میں اپنا کیس لڑتے ہیں، زرداری اور فرزند زرداری کو این آر او نہیں ملنے والا۔