Sunday, May 12, 2024

فی الوقت اسلام آباد میں کوئی فرانسیسی سفیر نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

فی الوقت اسلام آباد میں کوئی فرانسیسی سفیر نہیں، ترجمان دفتر خارجہ
October 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کہتے ہیں کہ فی الوقت اسلام آباد میں کوئی فرانسیسی سفیر نہیں، وزارت داخلہ بھی وضاحت کرچکی۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا پاکستان کیلئے امریکی سفیر کا تقرر معمول کا عمل ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، افغانستان نے پاکستان میں اپنے سفارتخانہ، قونصل خانوں میں نئے افسران تعینات کیے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے پاکستان کی جیت پر جشن منانے والے کشمیری طلبا پر تشدد کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہو گا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیا کر رہا ہے؟ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر شدید تحفظات ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز نے 10 کشمیریوں کو حالیہ واقعات میں شہید کر دیا۔پونچھ سیکٹر میں ایک پاکستانی شہری کو بھارتی قابض افواج نے شہید کیا۔ اس پر بھارتی ناطم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یوم سیاہ پر وزارت خارجہ سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ پاکستان اگست 2019ء سے اقوام متحدہ کو کشمیر پر قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو خط ارسال کیا ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی مشنز نے تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرمیاں کیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی آزادیاں معطل ہیں۔ ہاکستان کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

عاصم افتخار نے کہا بھارتی آبدوز تلاش کرکے پاک بحریہ نے بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی تیاری ثابت کر دی۔

ترجمان کا چین کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاک، چین تعلقات باہمی احترام، باہمی مفاد، باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ رواں برس اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں چینی مستقل رکنیت کے حصول کی سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے سعودی عرب اور ایران، پاکستان کے قریبی برادر ممالک ہیں۔ وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا ایران، سعودیہ ثالثی سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان کی سعودی عرب کو 2500 فوجیوں کی فراہمی کی معلومات نہیں، تبصرہ نہیں کر سکتے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین طویل المدت تاریخی تعلقات ہیں۔