Friday, April 19, 2024

فی الحال ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں: مصباح

فی الحال ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں: مصباح
January 7, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ابھی فی الحال ان کا ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں۔ انہوں نے کہا مستقبل میں وہ بہتر کھیل پیش کریں گے۔ آسٹریلیا میں پاکستان کی شکست یا وائٹ واش کوئی نئی بات نہیں لیکن ایسی بری شکست ماضی میں کبھی نہیں ہوئی تھی۔ ایک طرف تو کینگروز نے برق رفتار بلے بازی کے ریکارڈ توڑے تو ادھر شاہین بھی پویلین لوٹنے کیلئے بے چین دکھائی دیتے رہے۔

شاہین پہلا ٹیسٹ سخت مقابلے کے بعد ہارنے کے بعد تو جیسے حوصلہ ہی ہار گئے اور آخری دونوں ٹیسٹ آسٹریلیا کی جھولی میں ڈال دیئے حالانکہ انہیں آسانی سے بچایا جا سکتا تھا۔ آسٹریلوی سرزمین پر پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی اورکھلاڑی ٹیم کی بجائے اپنی ذات کیلئےکھیلتےنظر آئے۔ سینئر ترین کھلاڑی یونس خان سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک سو پچہتر رنز کے سوا پوری سیریز میں ناکام رہے جبکہ کپتان مصباح تو بلا ہی نہیں اٹھا سکے اور پوری سیریز میں ساڑھے بارہ رنز فی اننگز کے حساب سے صرف چھہتر رنز بنائے۔

نائب کپتان اظہر علی نے نسبتا بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورمیلبورن ٹیسٹ میں ڈبل سنچری کے علاوہ برسبین اور سڈنی میں بھی اکہتر، اکہتر رنز کی اننگز کھیلیں لیکن بطور اوپنر توقعات پر پورا نہیں اترے۔ اسد شفیق نے برسبین ٹیسٹ میں ایک سو سینتیس رنز کی اننگز کھیل کر شکست کو قابل قبول تو بنایا لیکن کارگردگی میں تسلسل برقرار نہ رکھ پائے۔

بابر اعظم بھی تین میچوں میں مجموعی طور پر اڑسٹھ رنز بنا پائے۔ اوپنر سمیع اسلم کے پہلے دو میچوں میں اڑتالیس رنز بنانے پر شرجیل کو موقع دیا گیا تو وہ بھی مجموعی طور پر چوالیس رنز بنا پائے۔ ایسے میں کسی نے متاثر کیا تو وہ ساتویں نمبر پر آنیوالے سرفراز احمد تھے جنہوں نے مجموعی طور پر دو سو چھبیس رنز بنائے جن میں برسبین اور سڈنی کی دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔