Saturday, May 4, 2024

فٹبال کوپا ڈیل رے، بارسلونا نے تین گول سے میچ اپنے نام کیا

فٹبال کوپا ڈیل رے، بارسلونا نے تین گول سے میچ اپنے نام کیا
January 18, 2019
لندن (92 نیوز) کوپا ڈیل رے فٹبال میں کلب بارسلونا نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے میچ اپنے نام کیا۔ بارسلونا نے لیونٹے کو ہرا کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ کوپا ڈیل رے فٹبال میں کانٹے کے مقابلے جاری ہیں۔ میسی کی ٹیم بارسلونا نے ایک آسان مقابلے کےبعد لیونٹے Levante کو ہرا دیا۔ میچ کے آغاز سے ہی بارسلونا نے میچ اپنی گرفت میں رکھا اور مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر خوب حملے کیے۔ پہلا گول عثمان ڈیمبلے نے 30 ویں منٹ میں کیا اور بارسلونا کو برتری دلا دی۔ اگلے ہی منٹ میں عثمان ڈیمبلے نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کا اسکور دو صفر کر دیا جو پہلے ہاف تک برقرار رہا۔ دوسرے ہاف میں فٹبال کے جادوگر میسی کا جادو سر چڑھ کر بولا اور میسی نے 54 ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو تین صفر کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ بارسلونا نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ قبل ازیں ای ایف ایل  فٹبال کپ میں مانچسٹر سٹی کی شاندار فتح ہوئی۔ مانچسٹر سٹی نے ایونٹ کے فرسٹ لیگ کے سیمی فائنل میں برٹن کو صفر  نو سے شکست دے دی۔ مانچسٹر سٹی نے سیمی فائنل فرسٹ لیگ میں برٹن کے ارمان خاک میں ملا دیے۔ مانچسٹر سٹی نے آغاز سے ہی  دھاک بٹھائی رکھی اور حریف ٹیم کی گول پوسٹ پربھر پور حملے کیے۔ پہلے ہاف میں مانچسٹر نے چار گول اسکور کر کے میچ میں گرفت مضبوط کر لی۔