Tuesday, April 16, 2024

فوڈ سکیورٹی سے متعلق تیز ترین اعدادو شمار لینے کیلئے کمیٹی بنانیکا فیصلہ

فوڈ سکیورٹی سے متعلق تیز ترین اعدادو شمار لینے کیلئے کمیٹی بنانیکا فیصلہ
September 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے فوڈ سکیورٹی سے متعلق تیز ترین اعدادو شمار لینے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

حکومت نے پاکستان فوڈ سکیورٹی فلو اینڈ انفارمیشن آرڈیننس جاری کر دیا۔ فوڈ سکیورٹی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ وزیراعظم ہوں گے جبکہ ارکان میں چاروں صوبوں کے وزرائےاعلیٰ، چیف سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

آرڈیننس کے تحت سال میں کم سے کم دو مرتبہ نیشنل فوڈ سکیورٹی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ جو افسر ڈیٹا فراہم نہیں کرے گا اسے 6 ماہ تک قید یا جرمانہ ہوگا، معلومات کے تبادلے کیلئے مرکز اور صوبائی سطح پر ڈیش بورڈ بنایا جائے گا۔

کمیٹی وفاق اور صوبائی سطح پر اشیاء ضروریہ اور فوڈ سکیورٹی سے متعلقہ معلومات کا آپس میں بروقت اور تیز رفتار تبادلہ کریگی۔

ذرائع کے مطابق صوبوں کی جانب سے بروقت فصلوں کی پیداوار کے اعداد و شمار نہ دیے جانیکی وجہ سے یہ آرڈیننس لانا پڑا۔ بروقت فصل کے اعداد وشمار ملنے پر بحرانی صورتحال پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ اعداد و شمار بروقت نہ دینے پر متعلقہ افسران کیلئے سزائیں بھی تجویز کی گئیں ہیں۔