Wednesday, March 27, 2024

فون ٹیپ سکینڈل، ایف بی آئی نے ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے

فون ٹیپ سکینڈل، ایف بی آئی نے ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے
March 6, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق صدر باراک اوباما پر فون کالز کی نگرانی کے الزامات کے بعد وائٹ ہاؤس اور ایف بی آئی آمنے سامنے آ گئے۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے الزامات کو رد کر دیا جبکہ وائٹ ہاؤس نے کانگریس سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

امریکی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے امریکی محکمہ انصاف سے بھی صدر ٹرمپ کے مبینہ الزامات کو مسترد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا وہ اس بات کا تصحیح کرنا چاہتے ہیں کہ ایف بی آئی نے کوئی قانون نہیں توڑا۔ امریکی محکمہ انصاف نے ابھی تک ایف بی آئی ڈائریکٹر کے اپیل پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس ابھی تک ٹرمپ کے الزامات درست ماننے پر بضد ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان سپائسر کا کہنا ہے کہ امریکی کانگریس ٹرمپ کے الزامات کا جائزہ لے اور دیکھا جائے کہ سابق صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے صدارتی انتخابی مہم میں مبینہ روسی اثرورسوخ سے متعلق کی جانے والی تحقیقات میں کوئی غلط اقدام تو نہیں کیا۔

ٹرمپ کے الزامات پر ڈیموکریٹس بھی کہاں چپ بیٹھنے والے ہیں۔ نیویارک سے سینیٹ کے ڈیموکریٹ رکن چک شومر نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے الزامات سنگین ہیں لیکن امریکی صدر کو ثبوت فراہم کرنا ہوں گے کیونکہ یہ اوول آفس کی عزت کا مسئلہ ہے۔ کسی بھی امریکی شہری کے فون کی جاسوسی یا نگرانی انتہائی مشکل کام ہے۔