Friday, March 29, 2024

فوری بلدیاتی انتخابات کرانے پر صوبائی حکومتوں کی الیکشن کمیشن سے معذرت

فوری بلدیاتی انتخابات کرانے پر صوبائی حکومتوں کی الیکشن کمیشن سے معذرت
February 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) بلدیاتی انتخابات کب ہونگے، معاملہ پھر لٹک گیا۔ فوری بلدیاتی انتخابات کرانے پر چاروں صوبائی حکومتوں نے الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی۔

ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا دو روزہ اجلاس ختم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق چاروں صوبائی حکومتوں نے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کرلی۔

پنجاب اور کے پی کے حکومت ستمبر میں بلدیاتی انتخاب کرانے پر تیار ہیں تاہم بلوچستان اور سندھ حکومت نے حلقہ بندیوں کو مردم شماری کے حتمی نتائج سے منسلک کردیا۔ دونوں صوبائی حکومتوں کا موقف ہے کہ جب تک مردم شماری کے نتائج جاری نہیں ہوتے حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ہائی کورٹس میں زیر التوا ہے جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کی مدت فروری کے وسط میں ختم ہوگی۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کنوٹمنٹس بورڈ کے انتخابات کےلئے تیارہیں۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا کہہ دہا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کے جواب پر سپریم کورٹ کو رپورٹ جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے چار فروری تک بلدیاتی انتخابات پر رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔