Thursday, April 25, 2024

فورٹ منرو کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ کرپشن کی نذر

فورٹ منرو کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ کرپشن کی نذر
January 3, 2019
ڈیرہ غازی خان ( 92 نیوز) سابق  حکومت میں کرپشن کی ایک اور داستان سامنے آگئی، ڈیرہ غازی خان میں  جنوبی پنجاب کا مری کہلانے والے علاقے فورٹ منرو کی تعمیروترقی کامنصوبہ کرپشن کی نذر ہوگیا،ٹھیکہ حاصل کرنے کے لئے کنٹریکٹر نے کروڑوں روپے رشوت دینے کا اقرار بھی کرلیا۔ فورٹ منرو کو جنوبی پنجاب کے مری کے نام سے جانا جاتا ہے جہاں پر گرمیوں میں ہزاروں سیاح اس صحت افزا مقام کا رخ کرتے ہیں ۔ شہباز شریف کی حکومت نےعلاقے کی تعمیروترقی کے لئے ایف ایم ڈی اے کے نام سے 2015 میں ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی، اتھارٹی کا مقصدسڑکوں کی تعمیر،سٹریٹ لائٹس اور پینے کےصاف پانی سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے آنے والے سیاحوں اور یہاں کے باسیوں کو سہولیات فراہم کرنا تھا۔ گزشتہ حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی اس منصوبے میں بھی کرپشن سامنے آگئی ہے ،ٹھیکیداررفیق شیرانی نے الزام لگایا ہے کہ اس نے ڈی جی پروجیکٹ کو سات کروڑ روپے رشوت ادا کی۔ فورٹ منرو کی تعمیرو ترقی خواب ہی رہ گئی۔میگا منصوبے کے تحت  سٹریٹ لائٹس نصب کی جاسکیں اور نہ ہی سڑکوں کی تعمیر ، چند سٹریٹ لائٹس جو لگائی گئیں وہ بھی خراب نکلیں۔ فورٹ منرو کے باسیوں نے منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو جلد کٹہرے میں لایا جائے۔