Saturday, May 18, 2024

فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا اختیار سی ٹی ڈی کے سپرد

فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا اختیار سی ٹی ڈی کے سپرد
November 8, 2016
لاہور (92نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ صوبہ بھر میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے بعد سی ٹی ڈی کو بھی اختیارات دے دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں چودہ سو تریپن افراد فورتھ شیڈول میں شامل ہیں جن کی کڑی نگرانی کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے انسداد دہشت گردی فورس کو مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز نے نوٹیفکیشن کی کاپی حاصل کر لی جس کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی مکمل طور پر نگرانی کرے گی۔ کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ مشکوک حرکات کے پیش نظر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو کسی بھی وقت حراست میں لے سکتی ہے۔ اس سے قبل پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کی جارہی تھی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر سے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے بعد بحال کر دیا تھا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو اختیارات دینے کا فیصلہ مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کرنے اور دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کی کاپی تمام صوبوں کے محکمہ داخلہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔