Saturday, May 18, 2024

فوربز میگزین کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ٹاپ ٹین اداکاروں کی فہرست جاری

فوربز میگزین کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ٹاپ ٹین اداکاروں کی فہرست جاری
August 23, 2017

لاس اینجلس (92 نیوز) فوربز میگزین نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ٹاپ ٹین اداکاروں کی فہرست بھی جاری کر دی۔ ہالی ووڈ اسٹار مارک والبرگ پہلے اور دی راک کے نام سے مشہور ڈیوائن ڈگلس جانسن دوسرے نمبر پر ہیں۔ ممبئی فلم نگری کے دو خان اور ایک کمار بھی فہرست میں شامل ہیں۔

دوہزار سترہ میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم”ڈیڈیز ہوم ٹو“ اور ”ٹرانسفارمرز ۔۔۔ دی لاسٹ نائٹ “ کے ہیرو چھیالیس سالہ مارک والبرگ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار بن گئے۔ والبرگ نے چھ کروڑ اسی لاکھ ڈالرز سمیٹے جبکہ دی راک کے نام سے مشہورہالی ووڈ اداکار ڈیوائن ڈگلس جانسن چھ کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کما کر فوربز میگزین کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

وین ڈیزل پانچ کروڑ پینتالیس لاکھ ڈالرز کے ساتھ تیسرے ، ایڈم سینڈلر پانچ کروڑ پانچ لاکھ ڈالرز سمیٹ کر چوتھے، جیکی چن چار کروڑ نوے لاکھ ڈالر کما کر پانچویں، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر چار کروڑ اسی لاکھ ڈلرز کے ساتھ چھٹے اور ایکشن ہیرو ٹام کروز چار کروڑ تیس لاکھ ڈالرز کمانے کے بعد ساتویں نمبر پر رہے۔

فوربز میگزین کے مطابق ٹاپ ٹین میں شامل اداکاروں نے جون دو ہزار سولہ سے جون دو ہزار سترہ کے دوران مجموعی طور پر اڑتالیس کروڑ پچاسی لاکھ ڈالرز کمائے۔ کئی برسوں تک ٹاپ فائیو میں شامل رہنے والے ہالی ووڈ اسٹار جونی ڈیپ اس بار پہلی بیس پوزیشنوں میں بھی جگہ نہیں بنا سکے ۔

فوربز کی ٹاپ ٹین فہرست میں بالی ووڈ کے تین اداکار بھی شامل ہیں۔شاہ رخ خان تین کروڑ اسی لاکھ ڈالرز کے ساتھ آٹھویں ، سلمان خان تین کروڑ ستر لاکھ ڈالرز کما کر نویں اور اکشے کمار تین کروڑ پچپن لاکھ ڈالر سمیٹ کر دسویں نمبر پر ہیں۔