Friday, April 19, 2024

فوجی عدالتوں کے قیام کی مدت آج ختم ہو گئی

فوجی عدالتوں کے قیام کی مدت آج ختم ہو گئی
January 7, 2017

اسلام آباد (92نیوز) ملک میں فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہو گئی۔ فوجی عدالتیں  آج سے دہشت گردی کے مقدمات نہیں سن سکیں گی۔ وزیراعظم نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پرمشاورت تو کی مگر توسیع کی منظوری نہ دی جا سکی۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی بیرسٹر ظفراللہ خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے نئے مسودہ قانون کی تیاری شروع کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک میں اکیس ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سات جنوری دو ہزارچودہ کو دو سال کیلئے فوجی عدالتیں قائم کی گئیں جن میں دہشت گردی کے سنگین مقدمات کی سماعت کی گئی۔ ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے دو سال پہلے اس ترمیم کی متفقہ طور پر منظوری دی تھی لیکن اس وقت جے یو آئی ف اور جماعت اسلامی ان عدالتوں کی بڑی مخالف ہیں جس کے بعد حکومت کو آئندہ کے لئے ترمیم لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر برائے قانونی امور بیرسٹر ظفر اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ سیاسی جماعتیں فوجی عدالتوں میں توسیع کے لیے ساتھ نہیں دیتیں تو اگلے چند دنوں میں نئے قانون کا مسودہ پیش کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے کہ گواہوں، پراسیکیوٹر، پولیس اور ججزکو زیادہ تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ انتہاپسندی سے متعلق مقدمات کی سماعت نہ رکے۔ فوجی عدالتیں ختم ہونے کے بعد وہاں جاری تمام مقدمات سول عدالتوں میں منتقل ہو جائیں گے۔