Friday, March 29, 2024

فوجی عدالتوں پر حکومتی،اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس بے نتیجہ ختم

فوجی عدالتوں پر حکومتی،اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس بے نتیجہ ختم
January 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع  سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں  حکومتی اور اپوزیشن  رہنماؤں نے شرکت کی ۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کےمعاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا ،  مگر اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا یہ فیصلہ نہ ہو سکا۔ دونوں جانب سے ابتدائی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا مگر اجلاس بے نتیجہ ہی ختم ہو گیا۔ دوران اجلاس مشاورت کی گئی کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں کتنی توسیع کی جائے ، لیکن حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے تاحال کوئی واضح موقف سامنے نہ آ سکا ۔ اجلاس سے قبل حکومتی ارکان  نے  وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم سے بھی مشاورت کی ۔ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان سمیت خورشید شاہ، ایاز صادق، نوید قمر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔