Wednesday, May 8, 2024

فوجی عدالتوں میں توسیع کےمعاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بے نتیجہ ختم

فوجی عدالتوں میں توسیع کےمعاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بے نتیجہ ختم
January 17, 2017
اسلام آباد(92نیوز)فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر پارلیمانی راہنمائوں کا اجلاس ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ہوگیا، اپوزیشن جماعتوں نے مزید سوالات اٹھا دیئے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیر داخلہ کے بریفنگ نہ دینے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں کے مستقبل کے حوالے سے پارلیمانی جماعتوں نے آج پھر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں سر جوڑے ، حکومت نے تفصیلی بریفنگ دی لیکن اپوزیشن نے مزید سوالات کھڑے کر دیئے۔اپوزیشن جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد مدارس اور عدالتی اصلاحات پر مزید تفصیلات مانگ لیں۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں کہ فوجی عدالتوں کی توسیع کا مسئلہ ریاست کا مسئلہ ہے۔ یہ اپوزیشن یا حکومت کا نہیں ۔ حکومت سے کچھ سوالات پوچھے ہیں جو 31 جنوری کو تفصیلات دی جائیں گی۔ اجلاس میں تمام جماعتوں نے فوجی عدالتوں کو ریاستی معاملہ قرار دیتے ہوئے اس پر سیاست نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، محمود اچکزئی، شیریں مزاری، شیخ رشید، آفتاب شیر پاؤ، طارق بشیر چیمہ و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔