Friday, May 10, 2024

فوج کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ، آرمی چیف

فوج کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ، آرمی چیف
June 10, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے فوج کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے جبکہ تاجروں کو یقین دلایا کہ پاک آرمی ملکی معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ اور پاکستان کو ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں چین کی شراکت پر شکریہ ادا کیا اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر چینی سفیر کو مبارکباد پیش کی۔ چینی سفیر نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف سے پاکستان ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان نے ملاقات کی۔ کاروباری، صنعتی مراکز کی ترقی میں ایوان ہائے صنعت و تجارت کے کردار پر گفتگو ہوئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار قابل قدر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے وفد نے پاک آرمی کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔