Wednesday, April 24, 2024

فوج نے وزیرستان میں امن قائم کر دیا:وزیراعظم ، پشاور میں طوفانی بارشوں سے ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین میں چیک تقسیم

فوج نے وزیرستان میں امن قائم کر دیا:وزیراعظم ، پشاور میں طوفانی بارشوں سے ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین میں چیک تقسیم
May 1, 2015
پشاور/ میرعلی (92نیوز) نوازشریف نے کہا ہے کہ فوج نے دہشت گردی اور جارحیت کو ختم کردیا ہے، امن کے لیے فو ج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقوں میں سکیورٹی فراہم کی جائیگی، قبائلی علاقوں میں سکول، کالج اور ہسپتال تعمیر کریں گے، وزیرستان میں دہشت گردوں کے اڈوں کو ختم کر کے فوج نے وزیرستان میں امن قائم کر دیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کا دورہ کیا۔ آئی ڈی پیز سے خطاب کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ فوج نے وزیرستان میں امن قائم کر دیا ہے، نقل مکانی کرنے والے اب امن سے اپنے گھروں میں رہیں گے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان کی بد امنی کو امن مین بدلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقوں میں اب ترقیاتی کام کرائیں گے اور متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آئی ڈی پیز نے آپریشن کے دوران صبر اور ہمت سے کام لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واپس گھر جانیوالے افراد میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ بعدازاں وزیراعظم نوازشریف پشاورپہنچ گئے جہاں انہوں نے بارش سے متاثرہ افراد میں چیک تقسیم کئے۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا مہتاب عباسی اوروزیراعلیٰ پرویزخٹک بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بروقت کام کیا جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے یہاں حاضر ہوں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کسی بھی انسان کا بچھڑ جانا ساری زندگی نہیں بھولتا، ناگہانی اموات سب کو ہلا کے رکھ دیتی ہیں، متاثرین اور لواحقین سے دلی ہمدردی ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو خیروبرکت دے جو لوگ فوت ہوئے اللہ تعالیٰ ان کے ورثاءکو صبرجمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا اکنامک کوریڈور میں تمام صوبوں کا حصہ ہے، گلگت بلتستان کو بھی فائدہ ہوگا۔